آنکھوں دیکھی
آپ نے کبھی ہنسی دیکھی ہے؟ میں نے اس کی آنکھیں دیکھی ہیں، ہنستی ہوئی آنکھیں۔ یقیناً اس کے ہونٹ دیکھ سکتے ہوں گے۔ اس کی ہنسی سنائی نہیں دیتی مگر ہر سو دکھائی دینے لگتی ہے، ایسے لگتا ہے کہ آپ کے اطراف میں ہنسی ناچ رہی ہو۔تھرکتی ہوئی دھڑکتی ہوئی ہنسی، خیر دھڑکن دکھائی کہاں دیتی ہے! وہ مجھے ایک کیفے میں دکھائی دی تھی۔ اس کے ساتھ اس کی کوئی دوست ہو گی، کیفے کے ایک کونے میں گول ٹیبل پر بیٹھی ہوئیں۔ ٹیبل پر دو فراپے کے گلاس پڑے تھے جو اپنی عمر پوری کرنے ہی والے تھے۔ اس نے موبائل اٹھایا اور اس میں اپنے چہرے کو دیکھنے لگی. موبائل کا کور ہلکے نیلے رنگ کا تھا جس پر چھوٹے چھوٹے پیلے پھول بنے ہوئے تھے. اس نے موبائل کی سکرین دیکھتے ہوئے بائیں آنکھ پر آتی لٹ کو بائیں کان کے پیچھے دھکیلا اور آنکھوں کے نیچے والی جلد کو اپنی بائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی سے دو چار بار تھپکنے کے بعد اس نے خالی ہوتے گلاس کی تصویر لی اور سکرین پر اپنے لمبے ناخنوں سے کچھ لکھنے کے بعد اس نے مدھم سی مسکراہٹ کے ساتھ ٹیبل پر موبائل الٹا رکھ دیا۔ اور اس کی دوست نے اسی وقت کوئی بات کہی، اور وہ کھل کے ہنسنے لگی۔ ان کی آو...